سندھ اسمبلی، صوبائی وزیر اور PTI رکن کے درمیان نوک جھونک، تلخ کلامی

September 18, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ، صوبائی وزیر تیمور تالپور اور تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کے درمیان نوک جھونک اور تلخ کلامی ہوئی،ایک موقع پر خرم شیر زمان نے اسپیکر سے کہا کہ اسپیکر صاحب انہیں کہیں جب بڑے بات کررہے ہوں بچے بیچ میں نہ بولیں۔جس پر تیمور تالپور بھڑک اٹھے اور انہوں نے کہا کہ ان جیسے بڑوں کو تمیز ہے اور نہ ہی ان کو کوئی تہذیب ہے۔ایک موقع پر تیمور تالپور کے ریمارکس پر ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈرکنور نوید جمیل بھی احتجاج کیلئے اپنی نشست سے کھڑے ہوگئے، اسپیکر نے خرم شیر زمان کا مائیک بندکرا دیا، اسپیکر نے تمام نامناسب ریمارکس کارروائی سے حذف کرا دئیے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی ماحول میں کشیدگی نظر آئی ۔محکمہ جنگلات سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر تیمور تالپور اور تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کے درمیان کئی مرتبہ نوک جھونک اور تلخ کلامی ہوئی۔اسپیکر نے صوبائی وزیر اور رکن اسمبلی کے تلخ جملوں کوایوان کی کارراوئی سے حذف کرادیا۔ایم کیو ایم کے محمد حسین کوئی بات کرنے کیلئے اپنی نشست سے اٹھے تو تیمور تالپور نے کہا کہ الطاف حسین کے چھوٹے بھائی بیٹھ جائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم کی غنڈی گردہی کا دورختم ہوچکا ہے لیکن ماضی کی حرکتوں پر آپ لوگوں کو ابھی تک بدعائیں مل رہی ہیں۔ صوبائی وزیر کی ان اشتعال انگیز باتوں پر ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈرکنور نوید جمیل بھی احتجاج کیلئے اپنی نشست سے کھڑے ہوگئے۔ صورتحال کی بھانپتے ہوئے اسپیکر نے اسپیکر نے تمام نامناسب ریمارکس کارروائی سے حذف کرا دئیے۔