ماربل فیکٹریوں کا زہریلا فضلہ، نارتھ ناظم آباد میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ

September 18, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) منگھوپیر روڈ کی ماربل فیکٹریوں کا یومیہ ہزاروں ٹن زہریلا فضلہ نارتھ ناظم آباد میں واٹر بورڈ کے مرکزی ٹینکوں کے قریب ڈمپ کرنے سے بلاک ٹی،نصرت بھٹوکالونی، خلیل آباد اور قرب وجوار کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے زہریلے فضلے کے مضر اثرات سے لوگوں کا سانس لینا محال ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق مقامی انتظامیہ، پولیس اور مافیا کی ملی بھگت سے منگھو پیر کی ماربل فیکٹریوں کا یومیہ ہزاروں ٹن زہریلا فضلہ نارتھ ناظم آباد میں بلاک ٹی،نصرت بھٹوکالونی اور خلیل آباد سے متصل واٹر بورڈ کے پینے کے پانی مرکزی ٹینکوں کے دہانے پر ڈمپ کئے جانے کے باعث قرب وجوار کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، زہریلے کیمیکل کے فضلے کے مضر صحت اثرات سے لوگوں کو سانس لینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے بدبو اور تعفن پھیلنے سے قریبی آبادیوں کے لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے۔ نارتھ ناظم آباد کے گنجان آباد علاقے میں روزانہ ہزاروں ٹن زہریلا فضلہ ڈمپ کئے جانے پر مقامی انتظامیہ،پولیس اور متعلقہ حکام نے چپ سادھ رکھی ہے۔