زگ زیگ بھٹیوں کی تعمیر کیلئے مالکان کا تین سال مہلت کا مطالبہ

September 20, 2021

پشاور(وقائع نگار) پشاور کے بھٹہ خشت مالکان نے زگ زیگ بھٹیوں کی تعمیر کیلئے حکومت سے تین سال کی مہلت مانگ لی اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کیساتھ اس سلسلے میں تعاون کیا جائے بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں ایسو سی ایشن کے صوبائی صدر حامد اللہ فواد ،جنرل سیکرٹری اشرف باچا ،سرپرست اعلیٰ ائین خان ،ضلعی صدر ولی محمد اور سیکرٹری اطلاعات میر رحمن نے شرکت کی ۔اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت عجلت میں خیبر پختونخوا کی تمام اینٹ بھٹیوں کو زگ زیگ بنانا چاہتی ہے لیکن اس مد میں بھٹی خشت مالکان کو سپورٹ نہیں کر رہی اور پرانی بھٹیوں کو زگ زیگ میں تبدیل کرنے پر بڑی لاگت آتی ہے تاہم مالکان کے پاس اتنی رقم نہیں ہے حکومت کو چاہئے کہ بھٹہ خشت مالکان کیساتھ مالی تعاون کرے اور انہیں تین سال تک مہلت دے اگر حکومت نے پرانی بھٹیوں کو زبردستی توڑا تو نقصان کی ذمہ داری بھی حکومت پر ہی عائد ہوگی انہوں نے کہا کہ عدالت نے بھی زگ زیگ بھٹی خشت کی تعمیر پر حکم امتناعی جاری کر دی ہے اور اس کے باوجود حکومت مالکان کو بار بار تنگ کر رہی جو افسوس ناک ہے ۔