سٹی گرڈ اسٹیشن سے منسلک علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی

September 20, 2021

پشاور(پریس ریلیز) سٹی گرڈ اسٹیشن سے منسلک علاقوں میں گزشتہ رات بجلی کی آنکھ مچولی سے شہریوں نے رات جاگ کر گزاری ،شہریوں نے اس صورتحال پر پیسکو حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ، ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات سٹی گرڈ اسٹیشن سے منسلک شہری علاقوں گلبہار،امین کالونی ،گلشن کالونی اور ملحقہ آبادیوںمیں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے بجلی غائب رہنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔بجلی کے بار بار جانے سے کم عمر بچے ،بزرگ اور بیمار افراد کو بہت پریشانی ہوئی، شہریوں نے اس صورتحال پر پیسکوانتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب جبکہ گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے لہٰذا بجلی کی طلب میں بھی کمی آئی ہے لیکن دوسری طرف پیسکو بجائے بجلی کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنائے ابھی بھی صارفین کو لوڈشیدنگ کے عذاب میں مبتلا رکھ رہی ہے ۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیسکو کی کارکردگی پر نظر رکھ کر شہریوں کیلئے مسلسل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور پیسکو کی ترسیل نظام میں خرابیاں فوری طور پر دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔