لو آگئے ہیں آج وہ خود کو سنوار کے...

September 26, 2021

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل :کشف

ملبوسات:شاہ پوش

آرایش:دیوا بیوٹی سیلون

عکّاسی :عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

ان دِنوں موسم کا مزاج ٹو اِن وَن سا ہوگیا ہے ۔کبھی گرمی اور گھٹن اس قدر بڑھتی ہے کہ دَم گُھٹتا محسوس ہوتا ہے، تو کچھ ہی دیر بعد نیلگوں آسمان پر کہیں سے بادل کا کوئی ایک ٹکڑا نمودار ہوتا ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے کالی گھٹاچھا جاتی ہے۔ بہرحال، موسم چاہے جیسا بھی ہو، مگر یہ طے ہے کہ اگر لڑکیاں بالیاں خوش رنگ و خوش نما پیراہن زیبِ تن کرلیں، تو ماحول آپ ہی آپ خوش گوار محسوس ہونے لگتا ہے۔ تو لیجیے،آج ہم نےاپنی بزم کچھ ایسے ہی خُوش نُما و خُوش رنگ پیراہن سے مرصّع کردی ہے کہ جن کے سبب ہر موسم ہی بھلا بھلا لگے گا۔

ذرا دیکھیے، ہلکا زرد رنگ پیراہن کیسا پیارا لگ رہا ہے۔ قمیص کے فرنٹ پر دھاگے کے کام، ٹراؤزر کے باٹم پر پلیٹس اورکرینکل شیفون دوپٹے کے اطراف خُوب صُورت بیل کی آرایش نے لباس کو کیسے چار چاند لگا دئیے ہیں۔ اِسی طرح سفید رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ ہلکے پستٔی رنگ کی ایمبرائڈرڈ قمیص کا انتخاب لاجواب ہے کہ قمیص پرخُوش نمادھاگا ورک غضب ڈھا رہاہے۔ پھر سفید رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ ایمبرائڈرڈ کُرتی بھی دِل آویز پہناوا ہے۔ کُرتی کےفرنٹ،بیک اور دوپٹے کےصرف بارڈر پر دھاگے کا کام خُوب کِھل رہا ہے،تو آستینوں پر ڈیزائننگ کے ساتھ کہیں کہیں موتی کی آرایش بھی خاصی جچ رہی ہے اور گلابی رنگ پہناوا تو بہت خوش گوار تاثر دے رہاہے۔

ٹراؤزر کے باٹم، قمیص کے فرنٹ اور پینلز پر کنٹراسٹ میں مِلکی وائٹ تھریڈ ورک نمایاں ہے، تو آستینوں پر سیڑھی لیس اسٹائل میں خُوب صُورت ڈیزائننگ کی گئی ہے، جب کہ مِلکی وائٹ دوپٹے پر اسی رنگ سے ہم آہنگ ساٹن گوٹ اور درمیان میں کہیں کہیں پھولوں کے بنچز بھی اچھے لگ رہے ہیں۔ اِسی طرح بالکل ہلکے گلابی رنگ میں پلین ٹراؤزر کے ساتھ تھریڈ ورک سے آراستہ کُرتی اور دوپٹے کی دِل کشی و رعنائی بھی اپنی مثال آپ ہے۔

ان میں سے کوئی سا بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں، بے اختیار لبوں سے پھسلے گا؎لو آگئے ہیں آج وہ خود کو سنوار کے۔