جوزف وجے نے اپنے والدین سمیت 11 افراد پر مقدمہ دائر کردیا

September 21, 2021

ممبئی (آئی این پی) بھارتی اداکار جوزف وجے نے اپنے ہی والدین سمیت 11 افراد پر مقدمہ دائر کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں وجے نے استدعا کی کہ ان کا نام لیکر ان افراد کو عوامی اجتماعات یا کسی بھی طرح کی ملاقاتیں کرنے سے روکا جائے۔ یہ تمام تر معاملہ وجے کے والد ایس اے چندراشیکھر کی جانب سے اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے بیٹے کی سیاست میں انٹری سے متعلق دعوی کردیا تھا۔ ساتھ میں یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں کی چندراشیکھر نے بیٹے وجے کے نام سے سیاسی جماعت بھی رجسٹرڈ کروالی۔ ایس اے چندراشیکھر نے اہلیہ شوبھا کو خزانچی، ایک رشتہ دار پدمنابھن کو صدر جبکہ وجے کو جنرل سیکریٹری کا عہدے دینے کا کہا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وجے کی اس درخواست پر 27 ستمبر کو سماعت ہوگی۔