صحابہ کرامؓ انسانوں میں سب سے بہتر ہیں، عبدالرئوف ریاضی

September 21, 2021

برمنگھم (پ ر) جامع مسجد کوئنس کراس ڈڈلی میں محمد عبدالرئوف ریاضی نے فضائل صحابہ کرامؓ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انبیاؑ اور رسولوں کے بعد صحابہ کرامؓ انسانوں میں سب سے بہتر گروہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ صحابہ یا اصحاب رسولﷺ کی یہ غیر معمولی عظمت کیوں ہے، یہ کوئی پراسرار کرامت کی بات نہیں، یہ ایک معصوم اور ثابت شدہ حقیقت ہے، واقعہ یہ ہے کہ صحابہ کرامؓ نے قول و عمل سے تاریخ میں ایسی مثالیں قائم کیں کہ اس جیسی مثالیں کبھی کسی انسانی گروہ نے قائم نہیں کیں، یہی وجہ ہے کہ وہ ساری انسانی تاریخ میں سب سے زیادہ اعلیٰ اور افضل گروہ قرار پائے، ان کا سب سے پہلا اور انوکھا کارنامہ وہ ہے جس کو معرفت حق کہا جاسکتا ہے، لوگ سچائی کے مظاہر کو جانتے ہیں، صحابہؓ نے سچائی کو حقیقت کے اعتبار سے جانا، لوگ مانی ہوئی سچائی کو مانتے ہیں، انہوں نے سچائی کو خود اپنی بصیرت سے دریافت کیا، لوگ اس سچائی کی قدردانی کرتے ہیں جو گنبد کی سطح پر نظر آتی ہو، انہوں نے اس سچائی کی قدر کی جو ابھی صرف مجرد روپ میں تھی، اصحاب رسولﷺ تمام انسانی نسلوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں، اللہ تعالیٰ کو یہ منظور تھا کہ وہ قیامت تک پیدا ہونے والے اپنے بندوں کے لیے ایک نمونہ قائم کرے۔ اصحاب رسولﷺ نے اپنی غیر معمولی قربانیوں کے ذریعہ یہ درجہ حاصل کیا کہ وہ تمام انسانیت کے لیے ابدی نمونہ حیات قرار پائے۔ اس موقع پر حاجی ذوالفقار قریشی، محمد عمر، عبدالجبار قریشی،عبدالرحمن قریشی، عابد محمود جنجوعہ، آصف زرگر جنجوعہ، حاجی راجہ محمد شبیر جنجوعہ، محمد افضل، ساجد کریم، محمد یوسف جنجوعہ، حاجی ظفر اقبال، حاجی محمد اکرم، راجہ قیصر ندیم، حاجی سردار خان، حاجی محمد ابراہیم خان، ڈاکٹر عبدالرب ثاقب اور دیگر شریک تھے، خواتین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی، آخر میں سب کے لیے دعا کی گئی۔