قاری عبدالوافی نے زندگی قرآن مجید کی تلاوت کرتے گزاری

September 21, 2021

برمنگھم( پ ر)قاری عبدالوافی نے زندگی اللہ تعالیٰ کی کتاب قرآن مجید کی تلاوت کرتے اور سکھاتے گزاری، وہ ایک معروف قاری ہونے کے ساتھ ساتھ عالم دین بھی تھے ،انہوں نے یوکے اسلامک مشن کے ہینڈزورتھ مسجد کو آباد کیا اور اس کی ترقی اور توسیع میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹراختر زمان غوری نے قاری عبدالوافی مرحوم اورمقبوضہ کشمیر کے حریت پسند رہنما سید علی گیلانی شہید کی یاد میں ایک تعزیتی پروگرام میں کیا جس کا اہتمام یوکے سلامک مشن پوٹنی روڈ ہینڈز ورتھ برمنگھم برانچ نے کیا،پروگرام میں علمائے کرام، کمیونٹی رہنمائوں اور علاقے کی معزز شخصیات نے شرکت کی ۔ پروگرام کی نظامت قاری غلام رسول تانف نے کی جو قاری عبدالوافی کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے، انہوں نے کہا کہ ان سے میرے تعلقات بھائیوں سے بڑھ کر تھے ،ان کی وفات پر مجھے دلی صدمہ ہے ۔حاجی عارف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاری عبدالوافی نہایت خوش اخلاق انسان تھے جس سے ملتے اس کی عزت و احترام کرتے انہوں نے مجھ سے مل کر ہزاروں لوگوں کو حج اور عمرہ کروایا اور انہوں نے کبھی بھی شکایات کا موقع نہیں دیا۔ہینڈزورتھ مسجد کے خطیب مفتی عبدالمجید ندیم نے کہا کہ علمائے کرام کی محنتوں سے اسلام کی دعوت و تبلیغ کا کام جاری ہے، قاری عبدالوافی کو اللہ تعالی جو زندگی دی تھی انہوں نے اس کام میں لگا دی، انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند رہنما سید علی گیلانی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیر کی آزادی کی تحریک دب نہیں سکتی۔ یوکے اسلامک مشن کے سابق صدر اور سنٹرل مسجد کے خطیب ممتاز عالم دین مولانا محمد سر فراز مدنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تعزیتی پروگرام دعا کے لئے منعقد کئے جاتے ہیں اور دعا عبادت کا مغز ہے، مرنے والے کے لئے صدقہ جاریہ ہی موت کے بعد کام آسکتا ہے، قاری عبد الوافی مرحوم نے ساری زندگی قرآن پڑھنے پڑھانے میں خرچ کی ہے جس کا اجر انہیں ملے گا۔ آفتاب احمد نے کہا کہ قاری عبدالوافی بہت اعلی صفات کے مالک تھے انہوں نے زندگی دین اور مسلمانوں کی خدمت میں صرف کی اور یہی ہی ان کے لئے آخرت کا سامان بنا ہے۔ رفیق ہزاروی نے کہا کہ قاری صاحب ہر آدمی سے تعلقات وابستہ رکھتے تھے وہ چھوٹوں کے ساتھ شفقت سے پیش آتے تھے ۔مولانا امداللہ نعمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے دین سے اسلام دنیا میں پھیل رہا ہے ،قاری عبدالوافی ایک با عمل مسلمان تھے ۔ ہینڈزورتھ مسجد کے سابق امام اور خطیب حافظ سعید نے کہا کہ انہوں نے قاری عبدالوافی کے ساتھ بڑا عرصہ کام کیا ہے وہ ہمیشہ پیار محبت سے پیش آتے تھے ۔ یوکے اسلامک مشن مڈلینڈ زون کے ناظم بابر سلیم راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے دین ہمارا سرمایہ ہیں، ان کی سرکردگی میں مسلم کمیونٹی ترقی کی منزلیں طے کر رہی ہے، تقریب سے ہینڈزورتھ مشن کی برانچ کے ناظم توقیر اسلام ،مولانا محمد سجاد، ڈاکٹر خرم بشیر،قاری کے صاحبزادے جبران وافی ،محمد غالب نے بھی خطاب کیا اور قاری عبدالوافی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔تقریب میں محمد افضل ،مولانا سعید الرحمان، سجاول خان، مولانا محمد ریاض ،خواجہ سلیمان، حاجی منیر رضا نے شرکت کی۔