ایف 14 اور ایف 15سیکٹر کے متاثرین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ

September 21, 2021

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے ایف 14 اور ایف 15سیکٹر میں متاثرین کو ان کی اراضی کے عوض بیلٹنگ کے ذریعے دس مرلہ اور ایک کنال کے پلاٹس الاٹ کرنے کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے۔ ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی طارق رشید اور لینڈ سیکشن کی ٹیم نے متاثرین کو365 پلاٹس الاٹ کر دیئے ہیں۔ وزارت ہائوسنگ کے حکام کے مطابق فیڈرل گورنمنٹ ہائوسنگ اتھارٹی کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کو اراضی کو کلئیر کروا کر تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد 10ستمبر کو متاثرین کو پلاٹ دیدیئے گئے۔ پہلے مرحلے میں ایف 14 اور ایف 15 کے متاثرین کو دو کنال کے عوض دس مرلے کا پلاٹ جبکہ چار کنال کے عوض ایک کنال کا پلاٹ دینے کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ متاثرین کو ایک کنال کے 191 جبکہ 10مرلے کے 174پلاٹس الاٹ کر دیئے گئے ہیں۔