تحریک عدم اعتماد کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا، اختر لانگو

September 21, 2021

کوئٹہ ( آئی این پی ) پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین اختر حسین لانگو نے کہا ہے کہ موجودہ صو با ئی حکومت کو اب کوئی نہیں بچا سکتا ،اپوزیشن جماعتیں موجود ہ سیا سی حالات کا مقابلہ کرینگی، بی این پی اور دیگر سیا سی جماعتیں بلوچستان کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ گزشتہ روز بات چیت میں اختر حسین لانگو نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو اب کوئی بھی قوت نہیں بچا سکتی ،جن لوگوں نے 15دن کی مہلت مانگی ہے وہ بھی خطرے میں ہیں ۔ اسلام آبا د سے آنے والی ٹیم صرف وزیراعلیٰ بلوچستان کو خوش کرنے کیلئے دعوے کر رہی ہے مگران دعوئوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ایوان میں جمع کرا دی ہے ،اسمبلی اجلاس کو بلا کر تحریک عدم اعتماد کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔کیونکہ موجودہ حکمران اب اس قابل نہیں رہےکہ ان پر اعتماد کیا جاسکے کیونکہ بلوچستان کے حالات دن بدن بگڑتے جارہے ہیں ، امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے مگر اس کے باوجود موجودہ حکومت امن امان کی بہتری کا دعویٰ کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے بھی مکمل طورپر تبا ہ ہوچکے ہیں، موجودہ حکمرانوں پر اب اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔ بی این پی اور دیگر اپوزیشن جماعتیں ہر محاذ پر حکومت کے خلاف میدان میں ہونگی ان سے جان خلاصی کے لئے ہر جمہوری راستہ اپنائیں گے۔