این اے 45 میں PTI امید وار نے پوسٹل بیلٹ میں رد و بدل کیا: تحقیقاتی رپورٹ

September 21, 2021

الیکشن کمیشن آف پاکستا ن میں این اے 45 میں مبینہ جعلی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے دھاندلی کے معاملے کی سماعت کے دوران تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی امیدوار فخر زمان نے ڈی ایس پی محمدی خان کے ساتھ ملی بھگت سے پوسٹل بیلٹ میں رد و بدل کیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے معاملے کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے استفسار کیا کہ کیا جوابدہ کو انکوائری رپورٹ کی کاپی مل چکی ہے؟

وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں انکوائری رپورٹ کی کاپی مل گئی مگر مزید تفصیلات درکار ہیں۔

الیکشن کمیشن کو پیش کی جانے والی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پوسٹل بیلٹ کے اجراء کے لیے درخواست فارم ڈی ایس پی کرم کے دفتر سے جاری ہوئے، درخواست فارمز آر او نے ڈاک کے ذریعے وصول کیئے۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے امید وار فخر زمان نے ڈی ایس پی محمدی خان کے ساتھ ملی بھگت سے پوسٹل بیلٹ میں رد و بدل کیا، محمدی خان نے بغیر تصدیق غیر قانونی طور پر تمام درخواستوں پر دستخط کیئے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دستخط کے لیے ڈی پی او کرم کی اجازت شامل نہیں تھی، محمدی خان نے اپنی سرکاری پوزیشن نتائج کو فخر زمان کے حق میں لانے کے لیے استعمال کی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپیشل برانچ کا کانسٹیبل وصی اللّٰہ غیر قانونی طور پر پوسٹل بیلٹ کی درخواست مقامی پوسٹ آفس لے کر گیا، وصی اللّٰہ نے اپنی سرکاری پوزیشن کا غلط استعمال کیا، محمدی خان نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے تمام درخواستوں پر دستخط کیئے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی ایس پی محمدی خان اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب ہوئے ہیں، محمدی خان نے ایسے درخواست گزاروں کی درخواست پر بھی دستخط کیئے جو یا تو انتقال کر چکے ہیں یا ملک سے باہر ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈی پی او نے محمدی خان کو چارج شیٹ کیا، اسپیشل برانچ کا کانسٹیبل وصی، امید وار فخر زمان کا قریبی رشتے دار ہے، وصی اللّٰہ محکمۂ پولیس کی درخواستوں کو اپنے انکل فخر زمان کے حق میں لانے میں ملوث ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فخر زمان نے اس وقت پوسٹل بیلٹ کے معاملے کو سلجھانے کے لیے ڈی آر او سے ملاقات کی، سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیوں صرف 1 امید وار فخر زمان نے ڈی آر او سے ملاقات کی۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ثابت ہوتا ہے کہ فخر زمان نے اپنے بھانجے وصی اللّٰہ کی ملی بھگت سے پوسٹل بیلٹ درخواستوں میں ٹیمپرنگ کی، پی ٹی آئی امید وار فخر زمان نے ڈی ایس پی محمدی خان کے ساتھ ملی بھگت سے پوسٹل بیلٹ میں رد و بدل کی۔