سرٹیفیکیشن انسینٹیو پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے‘ ڈی جی فوڈ اتھارٹی

September 22, 2021

کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ سے پراجیکٹ منیجر سرٹیفیکیشن انسینٹیو پروگرام ،وزارت سائنس و ٹیکنالوجی پاکستان شاہین راجہ اور پراونشل کوآرڈینیٹر بلوچستان انجینئر ناصر علی بلوچ نے ملاقات کی۔ سرٹیفیکیشن انسینٹیوپروگرام کے نمائندوں نے ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کو مذکورہ پروگرام کے اغراض ومقاصد سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے ابراہیم بلوچ کا کہنا تھا کہ ایس ایم ای شعبے کے پاس مالی و دیگر وسائل نہ ہونے کی وجہ سے ان کاروباری اداروں کو سٹینڈرڈز کی سرٹیفیکیشن حاصل کرنے میں مشکلات درپیش آتی ہیں ‘اس ضمن میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف سے اس شعبے کیلئے سرٹیفیکیشن انسینٹیو پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل اور ایک قابل ستائش اقدام ہے۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے نے اس امید کا اظہار کیا کہ پروگرام کے تحت استعداد کار کو بہتر کرنے،نئی ٹیکنالوجی و مشینری کو رائج کرنے اور جدید بزنس پریکٹس کو اپنانے میں ایس ایم ایز کی مدد کی جائے گی تا کہ یہ شعبہ بہتر ترقی حاصل کر سکے اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرنے کے قابل بن سکے۔ ابراہیم بلوچ نے تاجر برادری اور بی ایف اے کے افسران کیلئے پروگرام سے متعلق خصوصی آگاہی سیمینارمنعقد کرنے پر وزارت سائنس وٹیکنالوجی پاکستان کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی مذکورہ پروگرام کو ایس ایم ایز شعبے میں کامیاب بنانے کیلئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔