عوام کے تعاون کے بغیر ڈینگی وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکتا، ڈپٹی کمشنر پشاور

September 22, 2021

پشاور ( وقائع نگار )ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میڈم گل بانو، اسسٹنٹ کمشنر سید نعمان علی شاہ، ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر رفیع الدین خٹک سمیت انتظامی اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی دارلحکومت پشاور میں ڈینگی وائرس کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت ہوئی اور بتایا گیا کہ پشاور کی دس متاثرہ یونین کونسلوں میں روزانہ کی بنیادوں پر محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر سپرے کے ساتھ عوامی آگاہی مہم بھی چلا رہی ہیں اور ان ٹیموں میں شامل اینٹامالوجسٹ پانی کے نمونے حاصل کر کے ڈینگی لاروا کے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں اور ڈینگی لاروا کی موجودگی پر مزید کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق پشاور کی متاثرہ یونین کونسلوں سفید ڈھیری، تہکال، شاہین ٹائون، سربند، خزانہ، پشتخرہ، ارمڑ میانہ، بڈھ بیر، پلوسی اور پاوکہ میں ابتک 2093 گھروں میں سپرے کیا جا چکا ہے اور سپرے کا دائرہ کار مزید علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے اورضلعی انتظامیہ پشاور ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی وائرس سے بچائو اور ڈینگی مچھروں کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے تاکہ ڈینگی مچھروں کا خاتمہ کیا جا سکے۔انھوں سے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں پانی کی ٹینکیوںکو ڈھانپ کر رکھیں۔ اور ائر کولر میں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور گھر میں کسی بھی جگہ یا برتن میں پانی کو کھلا نہ رکھیں او ر مکمل احتیاط برتیں تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ کیا جا سکے انھوں کے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر ڈینگی وائرس پر قا بو نہیں پا یا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کو کنٹرول کر نے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔اور پشاور سے ڈینگی مچھروں کو ختم کر کے ہی دم لیں گے۔