زرعی پیداوار بڑھا کر غربت و بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہے،ارباب عثمان

September 22, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی) ممتاز سیاسی و سماجی رہنما اور جان دوست ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ ارباب عثمان خان نے بڑھتی ہوئی غربت بے روزگاری و مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی لانے کی بجائے ملک کو تباہی سے دو چار کر دیا گیا ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کی بجائے مزید پچاس لاکھ سے زائد لوگوں کو بے روزگار کر دیا گیا ہے۔ کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہونے سے غربت مزید بڑھتی جا رہی ہے اور غریبو ں کے گھروں میں فاقہ کشی شروع ہو چکی ہے۔ ارباب عثمان خان نے چمکنی وڈپگہ محمد زئی گلوزئی دلہ زاک بیلہ نیکو خان اسلام آباد کورونہ میاں گجر اور بڈھنی میں رابطہ عوام مہم کے دوران عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے لیکن حکمرانوں کی نااہلی سے زراعت تباہی سے دو چار ہو چکی ہے۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود چینی اور گندم باہر کے ملکوں سے درآمد کرنا لمحہ فکریہ ہے۔ زرعی پیداوار بڑھا کر اور کاشت کاروں کو خوشحال بنا کر تبدیلی بھی لائی جا سکتی ہے غربت و بے روزگاری و مہنگائی کا خاتمہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ زرعی پیداوار بڑھانے کے لئے بنجر زمینوں کو سرسبز و شاداب بنایا جائے۔ ٹیل پر واقعے زمینوں کو آبپاشی کے لئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ کاشت کاروں کو ٹریکٹرز کھادیں اور تخم رعایتی بنیادوں پر فراہم کیا جائے۔ سولر ٹیوب ویل لگائے جائیں اور کاشت کاروں کو بلاسود زرعی قرضے فراہم کئے جائیں۔