بھارت کو سید علی گیلانی کی شہادت پر خوش نہیں ہونا چاہئے، مقررین

September 23, 2021

بارسلونا(پ ر) تحریک حریت جموں و کشمیر آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ بھارت کو سید علی گیلانی کی شہادت پر خوش نہیں ہونا چاہئے، ان کے مشن کو جاری رکھیں گے ،کشمیر کا ہر فرد علی گیلانی ہے، وہ ایک ایسی نسل چھوڑ کر گئے ہیں جو بھارت کو کبھی معاف نہیں کرے گی، بھارتی دہشت گرد درندہ صفت فوج نے قتل عام، چادر اور چار دیوراری کے تقدس کو پامال کیا ہے،سید علی گیلانی نے کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، ان کا ہمیشہ موقف رہا کہ بھارت کشمیر کی سڑکوں پر اگر سونا اور چاندی بھی بچھا دے ہم اپنے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے، سید علی گیلانی کی جگہ وہی سنبھال سکتا ہے جو ان کے نقش قدم پر چلے گا اور ان کی طرح استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حق خودارادیت پر واضع اور دو ٹوک موقف اختیار کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک پر تحریک کشمیر اسپین کے زیر اہتمام شہید سید علی گیلانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ریفرنس کی صدارت تحریک کشمیر یورپ اسپین کے صدر محمد شفیق تبسم نے کی ۔ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ویڈیو لنکس پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے زندگی کا بیشتر حصہ جیلوں میں گزارا، آخری 12 سال گھر میں نظر بند رہے ،ان پر ہر طرح کی پابندیاں تھیں مشکل اور نامساعد حالات میں آزادی کی جدوجہد کے ساتھ وابستہ رہے، بھارتی حکومت نے ان کی تدفین اور میت کے ساتھ جو سلوک کیا اس سے بھارت کا گھنائونا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا، عالمی میڈیا نے بھارت کے ان غیر قانونی غیر انسانی اقدامات کی شدید مذمت کی۔ محمد شفیق تبسم نے شہید کشمیر سید علی گیلانی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔بارسلونا میں پاکستان کے قونصلر جنرل عمران علی چوہدری نے کہا کہ سید علی گیلانی ساری زندگی نظریہ الحاق پاکستان کے امین اور داعی رہے نہ جھکنے اور نہ بکنے والی شخصیت تھے۔ پاک فیڈریشن اسپین چوہدری ثاقب طاہر، کونسلر طاہر رفیع، رشید علی بٹ،راجہ ساجد، راجہ شفیق کیانی، سید ذوالقرنین، سید ایاز شاہ، راجہ نامدار صدر پیس فار کشمیر، انوار الحق، سلیمان شہباز مچھیانہ، چوہدری طاہر فاروق وڑائچ،راجہ نعمان،ادریس اور دیگر سیاسی اور سماجی رہنمائوں نے شہید سید علی گیلانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض تحریک کشمیر یورپ اسپین کے جنرل سیکرٹری آصف رحمان نے انجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز تحریک کشمیر اسپین کے سابق صدر ناصر شہزاد نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اورنعت رسول ﷺ پیش کی۔