جے ایس گلوبل اور ائیرلنک کی کامیاب آئی پی او لسٹنگ پر گونگ تقریب

September 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جے ایس گلوبل کیپٹل لمیٹڈ اور ائیر لنک کمیونی کیشن لمیٹڈ کی کامیاب آئی پی او لسٹنگ پر گونگ تقریب منعقد کی گئی جس میں پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، اس آئی پی او سے دیگر کمپنیز کو بھی آگے آنے کی ترغیب ملے گی ۔ ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کے سی ای او مظفر ایچ پراچہ اور جے ایس گلوبل کیپٹل لمیٹڈ کے سی ای او محمد کامران ناصر کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعظم کے ’میک اِن پاکستان‘ وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں تاکہ درآمدی اشیا پر ہمارا انحصار کم کیا جا سکے اور برآمدی معیشت کو پائیدار بنایا جا سکے۔ تفصیلات کے مطابق ایئر لنک کمیونی کیشن لمیٹڈ کی لسٹنگ کے سلسلے میں ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس نے حال ہی میں اپنی انیشل پبلک آفرنگ کو کامیابی سے سرانجام دیا ہے۔ یہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی تاریخ میں نجی شعبے کا اب تک سب سے بڑا آئی پی او تھا جس کی مالیت اسٹرائیک پرائس پر6.435؍ ارب روپے تھی۔ جے ایس گلوبل کیپٹل لمیٹڈ نے اس اِیشو (اِجرا) کے لیڈ منیجر اور بُک رنر کے فرائض انجام دیئے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں یہ کمپنی 22؍ ستمبر 2021ء سے لسٹڈ ہے۔ آئی پی او کے ریٹیل حصے کو بھی زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔ جاری ہونے والے 22.5؍ ملین اِیشو سائز کیلئے25.9؍ ملین شیئرز کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ اس طرح اِیشو کے ریٹیل حصے کو 1.15؍ بار اوور سبسکرائب کیا گیا۔ پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان کا کہنا تھا کہ ”میں ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ اور اس آئی پی او میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دیتا ہوں ، میں جے ایس گلوبل کو بھی کامیابی کے ساتھ اس تاریخی آئی پی او کا انتظام کرنے پر مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس آئی پی او کی کامیابی دیگر کمپنیوں کو بھی آگے آنے اور پی ایس ایکس سے ترقیاتی سرمایہ اکٹھا کرنے کی ترغیب فراہم کرے گی۔“ کمپنی کے سی ای او مظفر ایچ پراچہ نے کہا کہ ”میں جے ایس گلوبل کیپٹل لمیٹڈ اور خاص طور پر سی ای او کامران ناصر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انھوں نے ایئر لنک کے لیے بہترین انویسٹمنٹ بینکنگ سروسز فراہم کیں۔“ ان کا مزید کہنا تھا کہ، ”یہ موبائل انڈسٹری کے ساتھ ساتھ ایئر لنک کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے جو کہ پاکستان کی پہلی ٹیلی کام کمپنی ہے جو پی ایس ایکس میں لسٹڈ ہوئی ہے۔