تین سال میں توشہ خانہ میں کس ملک سے کتنے تحائف آئے، وزیراعظم نے کونسے کتنی مالیت میں خریدے، سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ سیکریٹریٹ میں سوال جمع کرادیا

September 24, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ( ن ) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ایک عام شہری ہی نہیں، پارلیمنٹ کے ارکان کو بھی سوال کے حق سے محروم کردیاگیا ہے۔ یہاں تک کہ عمومی نوعیت کے ایسے سادہ سوالات کا جواب بھی نہیں دیاجاتا جن کے سکیورٹی یا کسی دوسرے حساس معاملے سے دور کا بھی تعلق نہیں ہوتا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ سینٹ میں یہ سوال بھی سیکریٹریٹ نے مسترد کردیا ہے کہ ”گزشتہ تین سال کے دوران کیبنٹ ڈویژن نے کتنی اور کون کون سی گاڑیاں خریدی ہیں، ان پر کتنی رقم خرچ آئی اور وہ کس کے استعمال میں ہیں۔“ انہیں تحریری طورپر آگاہ کیاگیا کہ چئیرمین سینٹ نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے یہ سوال مسترد کردیا ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا اس حکومت نے نوازشریف دور کی گاڑیوں کی باقاعدہ نمائش کی تھی اور وزیراعظم آفس کے ملحقہ غسل خانے کی وڈیوز بنوائی گئی تھیں۔ آج وہی دفتر اور وہی غسل خانہ وزیراعظم کے استعمال میں ہیں، انہوں نے توشہ خانے کے بارے میں سوال سینٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرادیا ہے۔