پاکستان شریعت کونسل کااجلاس، مذہبی رہنمائوں کاآج احتجاج کااعلان

September 24, 2021

لاہور(خبر نگار)مجلس احرار اسلام پاکستان کی دعوت پر پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہد الراشدی کی زیر صدارت اجلاس میں تبدیلی مذہب کے سلسلہ میں پارلیمنٹ میں زیر بحث مسودہ قانون کو شریعت اسلامی اور حقوق انسانی کے منافی قراردیا گیا ہے اور آج یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے ۔اجلاس میں عبداللطیف خالد چیمہ، جسٹس (ر) میاں نذیر اختر، فرید احمد پراچہ، عبدالرؤف ملک، مولانا عبدالرؤف فاروقی، حافظ عبدالغفار روپڑی، مولانا محمد امجد خان، دیگر حضرات نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد مولانا زاہدالراشدی نے اجلاس میں منظور ہونے والے مشترکہ اعلامیہ کااعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی غیر مسلم شہری کے اسلام قبول کرنے کو مختلف شرائط کے ساتھ مشروط کرنے کے لیے پیش کیے جانے والے بل کو مسترد کرتے ہیں۔ اور پارلیمنٹ کے معزز ارکان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پاکستان کے اسلامی تشخص اور دستور پاکستان کی پاسداری کرتے ہوئے اس بل کو نامنظور کرنے کا واضح فیصلہ صادر کریں۔ یہ اجلاس اس احساس کا اظہار ضروری سمجھتا ہے کہ کچھ عرصہ سے بیرونی اداروں اور لابیوں کے کہنے پر پاکستان میں ایسے مسودات قانون اسمبلیوں میں پیش اور پاس کیے جا رہے ہیں جو اسلامی تعلیمات کے منافی اور دستوری تقاضوں سے انحراف کے ساتھ ساتھ مسلم انسانی اور شہری حقوق سے بھی متصادم ہیں ،اجلاس اس امر کو انتہائی افسوسناک قرار دیتا ہے تا کہ قانون سازی میں دستوری تقاضوں سے بے پرواہی اور غیر ملکی مداخلت کے رجحانات بڑھتے جا رہے ہیں پاکستان کے نظریاتی تشخص،تہذیبی شناخت اور دستور پاکستان کا تحفظ ان کی سب سے بڑی ذمہ داری ملک بھر کی دینی و سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اسلامی اقدار و روایات اور تہذیب و ثقافت کے تحفظ کے لیے مشترکہ قومی جدوجہد کا راستہ اختیار کریں ۔ افغانستان سے غیر ملکی فوجوں کے انخلاء اور امارت اسلامی افغانستان کو اقتدار کی پُر امن منتقلی اور پورے ملک پر امارت اسلامی کے کنٹرول کا خیر مقدم کرتا ہے ۔