بارش کے دوران ناگن چورنگی اور ٹیپو سلطان روڈ پر نالوں کو بند کیا گیا، ناصر شاہ

September 25, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر بلدیات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بارش کے دوران ناگن چورنگی اور ٹیپو سلطان روڈ پر نالوں کو بند کیا گیا جو لوگ یہ شرارتیں کر رہے ہیں اس طرح کی حرکتیں کر کے کراچی کے لوگوں کو تکالیف میں نہ ڈالیں،اکتوبر کے آخر میں پورے کراچی کی کچرے سے جان چھڑا دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےکراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے صدر دفتر کارساز میں کراچی کے شہریوں کی سہولت کے لئے دو نئی موبائل فون ایپلیکیشنز OTS آن لائن ٹینکر سروس اور SACM سیوریج کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون اور ایڈ منسٹریٹر کے ایم سی بیرسٹر مرتضیٰ وہا ب کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر اسد اللہ، واٹر بورڈ کے وائس چیئرمین نجمی عالم اورواٹر بورد کےسینئر افسران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی سہولت کے لئے یہ دو نئی ایپلیکیشنز متعارف کی گئی ہیں تاکہ شہری ٹینکر سروس کی خدمات کے حصول کے لئے اور سیوریج کی شکایات کے ازالے کے لئے باآسانی گھر بیٹھے اپنی مسائل اور شکایات درج کراسکیں، سندھ حکومت ان دونوں ایپلیکیشنز کو مانیٹر بھی کرے گی اور اگر کوئی غفلت یاکوتاہی ہوئی تو اس کا فوری ازالہ بھی کیا جائے گا۔