گرین لائن بس منصوبے کے فنکشنل ہونے میں چند روز باقی

September 25, 2021

کراچی(پی پی آئی)کراچی شہر میں 2016 سے تاخیر کے شکار گرین لائن بس منصوبے کے فنکشنل ہونے میں چند روز ہی باقی ہیں جمعہ کو اس روٹ پر بسیں آزمائشی بنیادوں پر چلائی گئیں یاد رہے کہ سرجانی ٹائون کراچی گرین لائن ٹرانسپورٹ منصوبے کے لیے چین میں تیار40 ہائبرڈ بسیں کراچی پہنچ گئی ہیں۔ کراچی کی روائتی لوکل بسوں کی نسبت یہ بسیں لمبی اور مکمل ایئرکنڈیشنڈ ہیں ۔ ہر بس میں 200 سے 250 افراد کے سفر کرنے گنجائش موجود ہے۔ بسوں میں خواتین اور معذور افراد کے لیے بھی نشستیں مختص ہیں، گرین لائن منصوبے کے پہلے فیز کی بحالی کے لیے 80 بسیں مختص ہوں گی۔گرین لائن راہداری 22 کلومیٹر طویل ہے جس پر روزانہ ایک لاکھ 35 ہزار مسافر سواری کرسکیں گے۔گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد 2016 میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے رکھا تھا۔ اور نواز شریف کی جانب سے یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم چھ سال گزرنے کے باوجود بھی یہ منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا ہے۔ یہ منصوبہ پہلے مرحلے میں کراچی کے علاقے سے گرومندر تک تھا جس دوران 18 کلومیٹر پر 16 ارب روپے کی لاگت آنا تھی، بعد میں اسے گرومندر سے ٹاور تک کردیا گیا۔ اس کے تاخیر کے باعث اس منصوبے پر اب 25 ارب روپے خرچ ہوں گے۔