کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار، مزید بارشوں کی پیشگوئی

September 28, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کو بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا جبکہ گرمی کی شدت بھی کم ہوگئی۔ کورنگی، ملیر، لانڈھی، سہراب گوٹھ، گلزار ہجری، اسکیم33، گلشن معمار، احسن آباد، نیو کراچی اور صدرمیں بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں موجود سمندری طوفان ’’گلاب‘‘ بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا جس کے باعث ساحلی کے قریب علاقوں میں بارش ہوئی۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں 28ستمبر سے 2اکتوبر تک تیز بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ خلیج بنگال میں بننے والے گلاب نامی طوفان کے باعث سندھ کے ساحلی شہروں میں تیز بارش ہوسکتی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ طوفان سے پاکستانی ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں البتہ بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کا یہ اسپیل کم سے کم 4 اور زیادہ سے زیادہ سے 5روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ سمندری طوفان کے پاکستان کے ساحلی علاقوں کے قریب سے گزرنے کا امکان ہے جس کے باعث تیز بارش ہوسکتی ہے۔