وزیر خزانہ نے CNG سے متعلقہ معاملات کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی

September 28, 2021

اسلام آباد(کامرس رپورٹر )وزیر خزانہ شوکت ترین نے سی این جی سے متعلق مسائل کے حل کےلیے کمیٹی تشکیل دے دی شوکت ترین نے کہا کہ کوویڈ 19 سے سپلائی میں رکاوٹ سے ایل این جی سمیت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو متاثر کیا ۔ کمیٹی میں چیئرمین ایف بی آر ، چیئرمین اوگرا، پیٹرولیم ڈویژن کے نمائندے اور چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن شامل ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ کوویڈ 19 وبائی بیماری نے سپلائی میں رکاوٹوں کی وجہ سے ایل این جی سمیت پٹرولیم مصنوعات کی بین الاقوامی قیمتوں کو متاثر کیا۔ حکومت پٹرولیم لیوی کو کم سے کم رکھ کر صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے وفد چیئرمین خالد لطیف کی قیادت میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین ایف بی آر محمد اشفاق احمد ، چیئرمین اوگرا منصور خان ، پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ افسران اور ایف پی سی سی آئی کے نمائندے نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے وزیر خزانہ کو پاکستان میں سی این جی سیکٹر کے آپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا۔سی این جی پاکستان میں ماحول دوست اور متبادل ایندھن کے طور پر شروع کی گئی جس کا بنیادی مقصد پٹرول کی مہنگی درآمد کو کم کرنا ہے۔ سی این جی سیکٹر میں مجموعی طور پر سرمایہ کاری تقریبا گزشتہ 15 سال میں 450 ارب تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے اس وقت سی این جی سیکٹر کو درپیش چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی، چیئرمین نے اس موقع پر سی این جی اور پٹرول کی خوردہ قیمتوں کے درمیان تقابلی تجزیہ بھی پیش کیا۔ وزیر خزانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی این جی صارفین کو سستی قیمتوں میں مدد ملے گی۔ وزیر خزانہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں چیئرمین ایف بی آر ، چیئرمین اوگرا ، پیٹرولیم ڈویژن کے نمائندے اور چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن شامل ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ حل کے لیئے آپشنز پر غور کیا جا سکے۔