پاکستان سُپر لیگ کے سیزن 11 کے لیے بنگلا دیشی کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیا گیا، کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کی سیریز کی وجہ سےجزوی این او سی جاری کیا گیا ہے۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل کی وجہ سے بنگلا دیش کے مستفیض الرحمٰن کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے چھٹی مل گئی ہے، نیوزی لینڈ نے بنگلا دیش میں 17 ، 20 اور 23 اپریل کو ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنا ہے، ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 اپریل، 29 اپریل اور 2 مئی کو شیڈولڈ ہے۔
بنگلا دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بنگلا دیش ٹیم کا کیمپ 27 مارچ سے شروع ہو گا۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق مستفیض الرحمٰن، پرویز حسین، شرف الاسلام، ناہید رانا، تنزید حسن اور ریشاد حسین کا پی ایس ایل میں معاہدہ ہے، بنگلا دیش کے پی ایس ایل میں کنٹریکٹڈ کھلاڑی کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے، بنگلا دیش بورڈ نے تمام کھلاڑیوں کو جزوی این ا و سی جاری کیے ہیں۔
بی سی بی آفیشل کے مطابق کھلاڑیوں کو ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب رہنے کا کہا گیا ہے، ون ڈے سیریز ورلڈ کپ کوالیفکیشن کے لیے بڑی اہم ہے، فاسٹ بولر مستفیض الرحمٰن کو دو حصوں میں این او سی دیا گیا ہے، مستفیض الرحمٰن کو 26 مارچ سے 12 اپریل اور 24 اپریل سے 3 مئی تک این او سی دیا گیا ہے، مستفیض الرحمٰن کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے استثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
بی سی بی آفیشل کا کہنا ہے کہ تنزید حسن، شرف الاسلام ناہید رانا اور ریشاد حسین کو 12 اپریل تک این او سی جاری ہوئے ہیں۔
پرویز حسین کو 21 اپریل تک پی ایس ایل کے لیے این او سی جاری ہوا ہے۔