• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی گیس فیلڈ پر اسرائیلی حملہ: تیل کی قیمتوں میں شدید اضافہ، عالمی مہنگائی کا خطرہ بڑھ گیا

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

ایران کی سب سے بڑی گیس فیلڈ ساؤتھ پارس پر اسرائیلی حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی کی نئی لہر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

عرب میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق عالمی معیار کے برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریباً 5 فیصد اضافے کے بعد 108 ڈالرز فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی نمایاں مہنگا ہو گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے جنوبی صوبے بوشہر کے ساحل کے قریب واقع دنیا کے سب سے بڑے گیس ذخیرے ساؤتھ پارس کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خلیجی ممالک کی تیل و گیس تنصیبات پر حملوں کی دھمکی دی تھی۔

بعد ازاں ایران نے قطر کے راس لفان گیس کمپلیکس کو میزائل سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

دوسری جانب جاری جنگ کے باعث آبنائے ہرمز کے راستے تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل بھی شدید متاثر ہے، یہ راستہ عالمی توانائی سپلائی کا تقریباً 20 فیصد حصہ منتقل کرتا ہے جس کی بندش سے عالمی مارکیٹ میں شدید بے یقینی پیدا ہوگئی ہے۔

توانائی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر تیل اور گیس کی قیمتیں طویل عرصے تک بلند رہیں تو عالمی معیشت کو شدید مہنگائی اور معاشی سست روی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ادھر امریکا نے صورتِ حال کے پیشِ نظر عارضی طور پر شپنگ قوانین میں نرمی اور وینزویلا کی سرکاری آئل کمپنی کے ساتھ محدود تجارتی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ عالمی سپلائی میں کمی کو کم کیا جا سکے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
تجارتی خبریں سے مزید