پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل کا اجلاس، بجٹ کیلئے 3 ارب 90 کروڑ منظور

September 28, 2021

لاہور(خبر نگار) پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین کونسل بلال اعجاز ہوا۔وزیر زکوٰۃ و عشر شوکت علی لالیکا،سیکرٹری سلمان اعجاز، ممبران سید یاور عباس بخاری، وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال، ارکان اسمبلی محمد افضل، سلیم بی بی، عائشہ اقبال،رانا محمد سجاد بابر، ایڈمنسٹریٹر اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں زکوٰۃ بجٹ برائے سال کیلئے 3 ارب 90 کروڑروپے کی منظوری دی گئی۔ کونسل نے گزارہ الاؤنس کی مد میں 2 ارب 25 کروڑ روپے، نابینا افراد کے لئے گزارہ الاؤنس کی مد میں 15کروڑ 60لاکھ روپے، جزام کے مریضوں کے لیے گزارہ الا ؤ نس 12 لا کھ روپے، صوبائی، ضلع و تحصیل سطح کے ہسپتالوں میں غریب اور نادار افراد کے مفت علاج و معالجے کے لئے 21کروڑ 70 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ مستحق طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کے لئے 6 کروڑ 30لاکھ روپے، دینی مدارس کے مستحق طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کے لئے بھی 6 کروڑ 30 لاکھ روپے، جبکہ تعلیمی وظائف فنی کی مد میں 71 کروڑ روپے کی رقم مختص کر نے کی بھی منظور ی دی۔