مائیکرو سافٹ نے پاس ورڈ ختم کردیا

October 04, 2021

مائیکروسافٹ نے اپنے صارفین کے لیے پاس ورڈ کے بغیر کسی بھی اکاؤنٹ میں لاگ اِن/ سائن اِن ہونے کا نیا طریقہ متعارف کروادیا ہے۔ پاس ورڈ کے بغیر کسی بھی مائیکروسافٹ اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے کےلیے صارفین کو اپنے اسمارٹ فون پر ’’ونڈوز ہیلو‘‘ یا ’’مائیکروسافٹ آتھینٹی کیٹر‘‘ ایپ درکار ہوگی۔

جب بھی وہ اپنے کسی مائیکروسافٹ اکاؤنٹ میں داخل ہونا چاہیں گے تو صارف مذکورہ دونوں میں سے ایک ایپ کے ذریعے اپنے ’’درست‘‘ ہونے کی تصدیق کرے گا اور یوں وہ بغیر پاس ورڈ ٹائپ کیے، اس اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ اسی طرح کا سیکیورٹی فیچر واٹس ایپ اور یاہو میں بہت پہلے سے موجود ہے جسے استعمال کرتے ہوئے، پاس ورڈ کے بغیر، اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہوا جاسکتا ہے۔ پاس ورڈ کے بغیر مائیکرو سافٹ اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے کی سہولت سے نہ صرف دنیا بھر میں کروڑوں صارفین کو فائدہ ہوگا بلکہ ہیکرز کے ممکنہ حملوں میں پاس ورڈ چوری ہونے کا خطرہ بھی نہیں رہے گا۔