بالی ووڈ اداکار عمران خان نے اپنی بیٹی کی اکیلے پرورش کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ پرینیتی چوپڑا کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ بطور سنگل والد مجھے اپنی بیٹی امارا کے لیے پلے ڈیٹس کا انتظام کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میری بیٹی اکثر اپنے دوستوں کو گھر بلانے کی خواہش ظاہر کرتی ہے، لیکن کئی والدین مختلف بہانوں سے انکار کردیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں بیٹی کے دوستوں کی ماؤں کو میسج کرتا تھا کہ کیا آپ کا بچہ کھیلنے آسکتا ہے؟ لیکن اکثر جواب ملتا تھا کہ آج نہیں، پھر اگلے ہفتے دوبارہ پوچھنے پر بھی انکار ہو جاتا تھا۔
اداکار کے مطابق مسلسل انکار نے میری بیٹی کی ذہنی کیفیت پر بھی اثر ڈالا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ چونکہ میں طلاق یافتہ ہوں اور گھر میں کوئی خاتون موجود نہیں، اس لیے لوگ بچوں کو میرے گھر بھیجنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں۔
تاہم انہوں نے اس رویے کو مکمل طور پر غلط بھی قرار نہیں دیا اور کہا کہ معاشرے میں ایسے مرد موجود ہیں جن کی وجہ سے والدین محتاط رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان اور ان کی سابق اہلیہ اونتیکا ملک نے 8 سالہ شادی کے بعد علیحدگی اختیار کرلی تھی۔