امریکا نے دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں پاکستان کو ایک اہم اور کلیدی شراکت دار قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کے کردار کو سراہا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کے میدان میں ایک قابلِ اعتماد اتحادی ثابت ہوا ہے۔
ایڈمرل بریڈ کوپر کے مطابق پاکستان خطے میں داعش خراسان کے خلاف جنگ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ اسلام آباد کے ساتھ فوجی شراکت داری کے نتیجے میں دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اور مؤثر نتائج حاصل ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستی، تعاون اور مشترکہ عزم کا براہِ راست عکس ہیں۔
سربراہ امریکی سینٹکام نے مزید بتایا کہ وسطی ایشیائی ممالک بھی افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خطرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ایڈمرل بریڈ کوپر کے مطابق دہشت گرد سرگرمیوں اور سیکیورٹی خدشات کے باعث افغانستان بدستور امریکا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جبکہ امریکی نگرانی کی فہرست میں افغانستان اب بھی پہلے نمبر پر موجود ہے۔