• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیری رحمان کی بھارتی آرمی چیف کے بیان کی مذمت

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے بھارتی آرمی چیف کے پاکستان مخالف بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلسل سفارتی، دفاعی اور سیاسی کامیابیوں نے بھارت کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے۔

اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار، باوقار اور اہم ایٹمی طاقت کے طور پر تسلیم کر رہی ہے، جبکہ عالمی قوتیں تنازعات کے حل، امن مذاکرات اور سفارتی پیشرفت کے لیے پاکستان سے رابطے کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت خود کشیدگی کا آغاز کرتا ہے اور پھر چند ہی گھنٹوں میں عالمی طاقتوں سے مداخلت کی اپیلیں کرنے لگتا ہے۔

شیری رحمان کے مطابق بھارت کے اندر سے بھی اب ایسی آوازیں سامنے آرہی ہیں جو امن اور مذاکرات کو ترجیح دینے کی بات کر رہی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ سابق بھارتی آرمی چیف، آر ایس ایس کی قیادت اور کشمیر سے تعلق رکھنے والے حلقے بھی امن کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی جنگوں کے اثرات کے باعث بھارتی عوام مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، مودی حکومت کو کسی بھی جارحیت سے پہلے اپنی عوام کی امن کی خواہش کا احترام کرنا چاہیے۔

شیری رحمان نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں بھارتی طیارے گرا کر اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا گیا تھا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی کئی بار پاکستان کی فضائی برتری کا ذکر کر چکے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستانی مسلح افواج اور عوام ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ جنوبی ایشیا مزید جنگی جنون اور اشتعال انگیزی کا متحمل نہیں ہوسکتا اور خطے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی صرف برابری، احترام اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

قومی خبریں سے مزید