ایف آئی ایچ ہاکی فائیو ورلڈ کپ کھیل میں نئی جدت پیدا کرے گا

October 05, 2021

دنیا بھر میں فیلڈ ہاکی کی ترویج و ترقی کے لئے کوشاں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ ہاکی فائیو ورلڈ کپ کی میزبانی سلطنت عمان کو سونپ دی ہے۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے یہ فیصلہ ٹاسک فورس ایونٹ بڈنگ کمیٹی جو کہ پانچوں براعظمی فیڈریشنوں کے ایگزیکٹو بورڈز ممبران ، و ایگزیکٹو بورڈ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی سفارشات پر کیا گیا۔ عمان کی میزبانی میں ایف آئی ایچ ہاکی فائیو ورلڈ کپ کا پہلا ایڈیشن جنوری 2024 میں عمان کے دارالخلافہ مسقط میں کھیلا جائیگا۔

ایف آئی ایچ کی جانب سے ہاکی فائیو ورلڈ کپ جیسے شاندار اور میگا ایونٹ کے پہلے ایڈیشن کی میزبانی ایشیائی ملک کے سپرد کرنے سے پورے براعظم ایشاء میں شائقین ہاکی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ایشیائی ہاکی فیڈریشن سمیت ایشائی قومی ہاکی ایسوسی ایشنز کی جانب سے ہاکی فائیو ورلڈ کپ کی میزبانی ملنے پر عمان ہاکی سمیت سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق اور ديزن بن ھیثم ال سعید وزیر ثقافت، اسپورٹس و جونوانان کو مبارکباد کےپیغامات بھیجے گئے۔ ایف آئی ایچ کی جانب سے میگا ایونٹ کی میزبانی ایشائی ملک کو دینے پر ایشیاء بھر میں ایف آئی ایچ کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا گیا۔

ایشیائی شائقین ہاکی سمیت کھیلوں کی تنظیموں اور اسپورٹس فیڈریشنز نے ایف آئی ایچ کی جانب سے براعظم میں اس میگا ایونٹ کے انعقاد سے بہترین نتائج کے حصول کا قومی اور نہ ٹوٹنے والا سلسلہ قرار دیا ہے۔ ماہرین کھیل بالخصوص ماہرین ہاکی کے مطابق خطہ میں ہاکی کے اس شاندار ایونٹ کا انعقاد ، گیم ڈویلپمنٹ اور عوامی توجہ کے حصول میں بہترین اورمعاون ثابت ہوگا ایف آئی ایچ اسٹرکچر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے یونٹ اسٹرکچر میں پانچ براعظمی یونٹس کام کررہے ہیں۔ 138ممبر ایسوسی ایشنز ان پانچ براعظمی ہاکی فیڈریشنز کا حصہ ہیں اور بطور ملحقہ یونٹس انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے تعلق رکھتی ہیں۔

براعظمی ہاکی فیڈریشنز میں افریقن ہاکی فیڈریشن (اے ایف ایچ ایف)، ایشینہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف)، یورپین ہاکی فیڈریشن( ای ایچ ایف)، اوشنیا ہاکی فیڈریشن (او ایچ ایف) اور پین امریکن ہاکی فیڈریشن (پی اے ایچ ایف) شامل ہیں۔

ایک جانب جہاں ایشیا میں ہاکی فائیو ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن کی خوشی منائی جارہی ہے وہاں دوسری جانب یور پی ہاکی فیڈریشن سے منسلک کچھ فیڈریشنز کو کثرت رائے سے کئے گئے اس فیصلہ پر تحفظات بھی ہیں اور ان تحفظات کو کھیلوں سے ہٹ کر دیگر غیر متعلقہ معاملات سے اان کا ربط جوڑ کر اس پر نظر ثانی کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔ ایف آئی ایچ جو کہ کھیلوں میں مساوات اور اسپورٹس مین سپرٹ کو ترغیب دینے کا علمبردار ادارہ ہے ، ایف آئی ایچ جو کہ عالم ہاکی میں کھیل کی ترویج و ترقی سمیت ڈویلپمنٹ پر دل جمعی سے کام کررہی ہے اور کھیل میں مساوات، اسپورٹس مین ا سپرٹ، کھیل کے ذریعہ ثقافت و کلچر کی بہترین عکاسی اور شاندار روایات کی پاسدار بھی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ چیف ایگزیکٹو و جنرل سیکرٹری ایشین ہاکی فیڈریشن طیب اکرام چوہدری سمیت انکی تمام ٹیم بھی خصوصی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے خطہ میں ہاکی ڈویلپمنٹ پروگرام رائج کرکے فیلڈ ہاکی کھیل کو مقبول عام بنانے میں کامیاب سعی و کاوش کی۔ سلطنت عمان کی میزبانی میں جہاں اس عظیم الشان ٹورنامنٹ کا شایان شان انعقاد ہوگا وہاں خطہ میں رائج گیم ڈویلپمنٹ پروگرامز کو تقویت بھی ملے گی۔

فیلڈ ہاکی میں تابناک ماضی رکھنے والے براعظم ایشیا کو ایشین ہاکی فیڈریشن کے ذریعہ ایک شاندار ایونٹ کی میزبانی سے کثیر المقاصد فوائد کا حصول بھی ممکن ہوگا جس سے خطہ میں کھیل کی مقبولیت ، عوامی دلچسپی سمیت ثقافت و کلچر کی بہترین ترجمانی بھی ممکن ہوگی۔ ( راقم الحروف سپورٹس مینجمنٹ انالسٹ اور ایم فل ا سپورٹس سائنسز ہیں )