نعتِ رسول ﷺ: چھائی تھی زمانے پہ گھٹا، آپؐ سے پہلے...

October 17, 2021

ابراہیم حسان

چھائی تھی زمانے پہ گھٹا، آپؐ سے پہلے

کب تھی مہ و انجم میں ضیا آپؐ سے پہلے

عورت کو رَدا دے کے کیا، آپؐ نے مستور

مفقود تھی دنیا میں حیا، آپؐ سے پہلے

تقدیرِ بشر، آپؐ کی آمد ہی سے بدلی

دنیا میں تھا اِک حشر بپا، آپؐ سے پہلے

انصاف زمانے کو ملا، آپؐ کے دَم سے

ہر عہد تھا اِک عہدِ جفا، آپؐ سے پہلے

دنیا کو دیا آپؐ نے دستورِ محبّت

تھا ظلم کا دستور رَوا، آپؐ سے پہلے

انسان کو انسان سمجھتا نہ تھا کوئی

بے چین تھا ہر چھوٹا بڑا آپؐ سے پہلے

ہر سمت تھیں آلام کے سورج کی شعائیں

مغموم تھی دُنیا کی ہوا، آپؐ سے پہلے

صر صر کے تھپیڑوں میں گلستانِ جہاں تھا

محروم تھی خوشبو سے صبا، آپؐ سے پہلے

کیوں کر بھلا آتیں یہاں، رحمت کی بہاریں

مسموم تھی دُنیا کی فضا، آپؐ سے پہلے

آنکھوں سے نہ بہتے تھے کبھی، اشکِ ندامت

تاثیر سے خالی تھی دُعا، آپؐ سے پہلے

کعبے میں ہوا کرتی تھی، اصنام کی پوجا

کب یاد تھا لوگوں کو خدا، آپؐ سے پہلے

الفاظ کی حرمت، نہ تقدّس تھا سخن کا

کب علم کا جلتا تھا دیا، آپؐ سے پہلے