حکومتی غفلت کی وجہ سے ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ ہو رہاہے،ذکراللہ مجاہد

October 16, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومتی غفلت کی وجہ سے ڈ ینگی کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔حکومتی اقدامات کہیں نظر نہیں آرہے،عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈینگی کی صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں چوہدری محمود الااحد، قیصر شریف، ضیاءالدین انصاری، عبداللہ ایڈووکیٹ سمیت دیگر ضلعی قائدین موجود تھے۔ میاں ذ کر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں کرونا اور ڈینگی وائرس نے تباہ کاریاں مچا رکھی ہیں۔لاہور کی بہت ساری آبادیاں ایسی ہیں جہاں گندگی کے باعث مچھروں کی افزائش ہورہی ہے۔ کئی سرکاری دفاتر کے باہر سٹرک پر کھڑے گٹروں کے پانی میں بھی ڈینگی کے لاروا کے شواہد میڈیا پرقو م کے سامنے آئے ہیں جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت ڈینگی وبا کی روک تھام کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔