پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، عمران خان کا ماضی کا بیان وائرل

October 16, 2021

پیٹرول کی زائد قیمتوں سے متعلق عمران خان کے ماضی کے بیانات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہے ہیں۔

عمران خان کا ماضی میں نون لیگ کے دورِ حکومت میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر کہنا تھا کہ جب عوام پر ٹیکس لگاتے ہیں تو غربت بڑھ جاتی ہے، عوام پر جتنا ٹیکس لگتا ہے قوم اتنی ہی غریب ہوتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنا ٹیکس لگتا ہے عوام پر، اتنی ہی اس کے پاس خریدنے کی قوّت کم ہوجاتی ہے لیکن صرف ایک طبقہ امیر ہوتا جاتا ہے۔

عمران خان کا ماضی میں یہ بھی کہنا تھا کہ جب بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتو سمجھ جائیں کہ آپ کا وزیراعظم چور ہے۔

اس سے قبل جب گزشتہ حکومت نے جنوری 2018 میں پیٹرول پر 4 روپے 6 پیسے کا اضافہ کیا تو موجودہ وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے قیمتوں کے اضافے کو غریب عوام پر بوجھ اور شرمناک قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے 49 پیسے بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 137روپے79 پیسے ہوگئی ہے۔