نئی افغان حکومت تسلیم نہ کرنے سے داعش کو فائدہ ہے، امیر خان متقی

October 18, 2021


افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ افغانستان میں نئی حکومت کو تسلیم نہ کرنے سے داعش کو فائدہ ہے۔

امیر خان متقی نے ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی حکومت کو تسلیم نہ کرنا افغانوں کے حقوق سلب کرنا ہے اور اس صورتحال نے افغانستان کی معیشت پر منفی اثر ڈالا ہے، طالبان حکومت کو عالمی سطح پر تسلیم کرنا اور عالمی امداد ملکی معیشت کی بحالی کیلئے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کا ملکی ذخائر منجمد کرنا عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی اپنے وسائل سے افغانستان میں سرمایہ کاری اور بحالی میں فعال کردار ادا کرسکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ دنیا کے ممالک کی جانب سے امداد کا اعلان افغانستان کے ساتھ ان کے تعاون کو ظاہر کرتا ہے، ملک میں داعش کے خطرے کے حوالے سے ملک میں سیکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے اور اس لحاظ سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

واضحرہے کہ افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے رواں ہفتے ترکی کا سرکاری دورہ کیا ہے۔