آنجہانی بھارتی اداکار اوم پوری کی 71ویں سالگرہ

October 18, 2021

بھارتی اداکار اوم پوری کے مداح آج اُن کی 71ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ وہ 18 اکتوبر 1950 کو پیدا ہوئے۔

اداکار اوم پوری کئی بھارتی، پاکستانی اور ہالی ووڈ کی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اوم پوری کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات قائم رکھنے کے لیے کوششیں کیں۔ ان کا نعرہ تھا کہ دونوں ملکوں کو جنگ کرنی ہے تو غربت کے خلاف کریں۔

اوم پوری کا بچپن انتہائی غربت میں گزرا، انہوں نے 6 سال کی عمر میں چائے کے کھوکھے پر کام کرنا شروع کیا۔

ابتداء میں اوم پوری نے لوکل تھیٹر میں چھوٹے موٹے کردار کیے۔ سال 1976ء سے فلموں میں کام کرنا شروع کیا، پہلی مرتبہ فلم ’گھاسی رام کوتوال‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔

اوم پوری نے اپنے کیریئر میں سنجیدہ فلموں کے ساتھ سا تھ کامیڈی فلموں میں بھی کمال کی اداکاری کی۔ انہوں نے نا صرف بالی ووڈ فلموں میں کام کیا بلکہ پاکستانی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

برطانوی اور بالی ووڈ فلموں سمیت کئی میں پاکستانی کا کردار ادا کیا، اوم پوری نے فلم ’ایسٹ از ایسٹ اینڈ ویسٹ از ویسٹ‘ میں جارج خان کا کردار ادا کیا اور فلم ’چارلی ولسنز وار‘میں انہوں نے صدر جنرل ضیاء الحق کا کردار بخوبی نبھایا۔

اوم پوری 6 جنوری 2017 کو اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، اور ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی گئی تھی۔