• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسیم اختر کو عدالتی ریمانڈ پرجیل بھیج دیا گیا

Waseem Akhtar Sent To Jail On Judicial Remand
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے ایم کیو ایم کے نامزد میئر وسیم اختر کو دو مختلف مقدمات میں عدالتی ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

وسیم اختر کو اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے 2 جبکہ سانحہ بارہ مئی کے سات مقدمات میں جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم نامزد میئر وسیم اختر کو مقدمات کی سماعت کے لیے انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت میں پیشی کے دوران وسیم اختر کے وکیل کا کہناتھا کہ اشتعال انگیز تقریر کے جس اجلاس کا ذکر ہے وہ خواتین کا اجلاس تھا ان کے موکل اس میں شریک نہیں تھے۔

تاہم عدالت نے وسیم اختر کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے تفتیشی افسر کو 14 روز میں مقدمے کا چالان پیش کر نے کا حکم دے دیا۔

وسیم اختر نے اشتعال انگیز تقریر کے دونوں مقدمات میں ضمانت کی درخواست دائر کردی۔ عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک کو بھیج دیا۔

دوسری طرف عدالت نے وسیم اختر کو 12مئی کے سات مقدمات میں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا بھی حکم دیا۔پراسیکیواٹرنے وسیم اختر سے بارہ مئی کے مقدمات میں تفتیش کیلئے ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

عدالت نے ریمارکس دئیے کہ تفتیشی افسران وسیم اختر سے جیل میں بھی تفتیش کرسکتے ہیں۔سانحہ 12 مئی کے حوالے سے وسیم اختر کے خلاف دو مقدمات تھانہ سہراب گوٹھ ،4 مقدمات تھانہ، اسٹیل ٹاؤن اور تھانہ سکھن جبکہ ایک مقدمہ ملیر سٹی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
تازہ ترین