• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے،وسیم اختر

We Will No Allow Anybody To Harm Pakistan Waseem Akhtar
نو منتخب میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہم پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، ہم مل کر اس نیا کو پار لگاسکتے ہیں ، میں خود نعرے لگاتا ہوں تاکہ سب کی تسلی ہو ،جئے متحدہ ، جئے بھٹو، جئے عمران۔

حلف اٹھانے کے بعدوسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سب جماعتوں نے اعتماد دیا، کراچی کی منتخب جماعتوں کے نمایندوں کو منتخب کرنے پر شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ن لیگ ، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی، الیکشن میں حصہ لینے والی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔وفاقی حکومت ، سندھ حکومت اورسپریم کورٹ کا شکریہ ، جس وجہ سے آج کا مرحلہ مکمل ہوا۔

وسیم اختر نے مزید کہا کہ امیدکروں گاوزیراعلیٰ بھی شہر کےمسائل سےنجات دلانے میں مدد کریں گے،بلاول بھٹو ، آصف زرداری سےکہوں گا شہر اورصوبے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگاہمیں، متحد ہو کر مسائل کو حل کرنا ہوگا ۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کے ساتھ ہیں اور ان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل ہماری انگلیوں پر ہیں،انہیں حل کریں گے ۔عہد کرتے ہیں کہ ہم مل کر آگے چلیں گے ،کراچی ترقی کرے گا تو پورا سندھ ترقی کرے گا۔کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو وسائل سے مالا مال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں کراچی سے اچھا سلوک نہیں کیا گیا ،کراچی سب سے زیادہ ریونیو ملک کو دیتا ہے، کراچی کے پیسے سے یہ ملک چلتا ہے،ہرجماعت کے منتخب نمایندے کے ساتھ شہر کے مسائل حل کریں گے۔

بعدازاں ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نو منتخب میئر نے کہا کہ سب کے ساتھ مل کرکراچی میں ہر مذہب اور زبان کے لوگوں کے مسائل حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی سے کوئی اختلاف نہیں ، اپوزیشن رکھی ہی نہیں، سب مل کر کام کریں گے۔وزیربلدیات کے گھر بھی چلاجاؤں گا۔نو منتخب میئر نے سندھ زندہ باداور پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ وسیم اختر کو کراچی کی چابی بھی دی گئی ہے اور کراچی والے بہت جلد وسیم اختر کو جیل کی چابی بھی دیں گے۔
تازہ ترین