• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے ملک کو قرضوں کے گرداب میں پھنسا دیا: شیری رحمٰن

Sherry Rehman Criticise Government On Debt
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملک کو قرضوں کے گرداب میں پھنسا کر رکھ دیا ہے، دنیا میں یہ اکلوتی حکومت ہو گی جو تجارت کے غیرمتوازن ہونے پر خوشیاں منا رہی ہے۔

اکنامک سروے پر تبصرہ کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ حکومت نے تمام چیزوں کا انحصار سی پیک پر کر رکھا ہے اور خود ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال میں مزید خسارے میں جا رہی ہے، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا کہ کسی حکومت نے خزانہ خالی کر دیا ہو۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ سال 2018ء-2017ءکا بجٹ بنیادی طور پر قرضہ لینے کا بجٹ ہوگا اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بلاواسطہ ٹیکسوں اور خسارے کا بجٹ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارا 10اعشاریہ 4ارب ڈالر ہو جائے گا جبکہ گزشتہ سال یہ 7اعشاریہ 2ارب ڈالر تھا۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ حکومت جی ڈی پی کی ترقی کا ٹارگٹ حاصل کرنے میں چوتھے سال بھی ناکام ہوگئی، زرعی شعبہ انتہائی غیرحوصلہ بخش نتائج فراہم کر رہا ہے، جو دستاویزات آج جاری گئی ہیں ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں اور پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔
تازہ ترین