• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی اتحاد کی سربراہی پر کئی بار بات کی ہے، ایرانی سفیر

Has Spoken Several Times On The Head Of Islamic Unity Iranian Ambassador

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا ہے کہ ایران نے پاکستان سے جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کی اسلامی اتحاد کے سربراہ بننے سے متعلق کئی بار بات کی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان بہت جلد اس معاملے میں درست اور مناسب فیصلہ کرے گا، قطر کے تنازع پر پاکستان ثالث کا کردار ادا کرسکتا ہے۔

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے ’جیو نیوز‘ سے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ خطے کے ممالک کو قطر تنازع کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنا چا ہیے، خطے میں کوئی بھی نیا تنازع باہر کے ملک کے آنے کا سبب بن سکتا ہے جو کسی کے مفاد میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو امن اور استحکام کی طرف بڑھنا ہو گا نہ کہ نئے تنازعات کی طرف،خطے میں تنازع ہم میں سے کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ قطر کے معاملے پر سعودی عرب کا ایران سے متعلق مؤقف الزام پر مبنی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی نیا تنازع خطے میں باہر کے ملک کے آنے کا سبب بن سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی فیملی کا ایک اہم ممبر ہے،قطر کے معاملے میں پاکستان ثالث کا ایک اہم کردارادا کر سکتا ہے، خاص طور پرپاکستان اسلامی ممالک میں ثالثی کے ذر یعے تنازعات حل کرانےمیں کردار ادا کرسکتا ہے۔

تازہ ترین