• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Asma Jahangir Buried

معروف قانون دان اور سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر کو بیدیاں روڈ پر ان کے فارم ہاؤس میں سپرد خاک کردیا گیا۔اس موقع پر سیاسی و سماجی شخصیات، وکلا اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

قبل ازیں عاصمہ جہانگیر کی نماز جنازہ قذافی اسٹیڈیم میں اداکی گئی ، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔عاصمہ جہانگیرکی نماز جنازہ سید حیدر فاروق مودودی نے پڑھائی۔

عاصمہ جہانگیر کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عاصمہ جہانگیر کی صاحبزادی سلیمہ آج بیرون ملک سے واپس پاکستان پہنچیں،جس کے بعدعاصمہ جہانگیر کی تدفین کا عمل تکمیل تک پہنچا۔

اس سے پہلے سابق وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید اور چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے بھی عاصمہ جہانگیر کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کرنے کا مطالبہ کیا تھا،ان کے علاوہ سپریم کورٹ بار کے 3سابق صدور علی احمد کرد اور بیرسٹر علی ظفر اور کامران مرتضیٰ نے بھی یہی مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر ملک بھر کی عدالتوں میں دوسرے روز بھی سوگ ہے جبکہ سینیٹ میں تعزیتی ریفرنس پیش اور معروف قانون دان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ قومی اسمبلی میں تعزیتی قرارداد منظور کی گئی۔

تازہ ترین