• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خارجہ شاہ محمود کی او آئی سی کے سفیروں سے ملاقات۔


وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں جاری انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر او آئی سی گروپ کے سفیروں سے ملاقات کی۔

دوران ملاقات مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ طور پر کیئے گئے بھارتی اقدامات اور ان کے مضمرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے صریحاً منافی ہیں۔ بھارت، ان یکطرفہ اقدامات کی آڑ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کر کے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے او آئی سی کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ او آئی سی نے واضح اور واشگاف الفاظ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرانے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل کروانے کا مطالبہ کیا۔

او آئی سی گروپ جنیوا کےسفیرون نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے او آئی سی کے عزم کو دہرایا اور پاکستان کے موقف کی تائید میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی کھل کر مذمت کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے پلیٹ فارم پر کئے گئے فیصلوں کو موثر انداز میں انسانی حقوق کونسل تک پہنچانے پر او آئی سی جنیوا گروپ کے کردار کو سراہا۔

واضح رہے کہ پاکستان او آئی سی جنیوا گروپ کا کوآرڈینیٹر ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں جاری انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر سینیگال کے وزیر خارجہ احمدوبا سے ملاقات کی اور مقبوضہ  کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن و امان کو درپیش صورتحال سے انھیں آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے انسانی حقوق کونسل کی صدارت کا منصب سینیگال کے پاس ہونے کے سبب، ہمیں آپ سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ سینیگال کے وزیر خارجہ احمدوبا نےمقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین