• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ  کی کپتانی سے ہٹادیا ۔

دورہ آسٹریلیا کے لئے اظہر علی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا گیا ہے جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کے سپرد کر دی گئی ہے۔

 سرفراز احمد کو دونوں فارمیٹ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹایا گیا۔

ذرائع کے مطابق اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی آج سہ پہر قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کریں گے۔

پی سی بی کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کردیا جائے گا، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی اسکواڈز کا اعلان 21 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

‏پی سی بی کے مطابق اظہر علی کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سیزن 2019-20 کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ‏بابر اعظم کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 تک کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

‏اس موقع پر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی، میں اظہر علی اور بابر اعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، اس سفر میں ساتھ دینے پر میں اپنے کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور سلیکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ اظہر علی نے ٹیسٹ کیر ئیر کا آغاز 2010 آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے کیا تھا، انہوں نے 73 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

اظہر علی نے 139 اننگز میں 5669 رنز اسکور کئے جبکہ 15 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں بنائی ہوئی ہیں ۔

اظہر علی نے ایک ٹیسٹ میں پاکستان کی قیادت بھی کی، ان کی قیادت میں کھیلا جانے والا واحد ٹیسٹ نیوزی لینڈ نے جیتا تھا۔

اظہر علی نے گزشتہ سال ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی، ان کی قیادت میں پاکستان نے 30 ون ڈے میچز کھیلے ۔ان کی قیادت میں پاکستان کو 12 میں فتح اور 18 میچز میں شکست ہوئی ۔

تازہ ترین