• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی و جاپانی مارشل آرٹ ’ننجا‘ ایک قدیم حربی مشق ہے، جو ذہنی و جسمانی صحت کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ اسے ننجا سپرپاورز ایکٹیویٹ تائی چی لائف اسٹائل یعنی اعلیٰ زندگی کی طاقت سے موسوم کیا جاتا ہے۔ یہ زندگی کے معمولات میں صحت مند تبدیلی کی مشق ہے،جس کے طبی فوائد تسلیم شدہ ہیں۔ 

اس مشق میں جسم کی پھرتی اور ذہن و ذہانت کی تازگی و بڑھوتری کے لیے بھرپور نیند سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے،جو جسم اور ذہن کےتوازن، طاقت اور ہم آہنگی میں اضافہ کرکے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتی ہے۔ ورزش، مراقبہ، یوگا اور ہاتھوں، پیروں کی مختلف پوزیشنیں اور اچھل کود ننجا ماسٹرز کے صحت مند طرزِ حیات کےعکاس ہیں، جو بیماریوں سے دور شاداب و شاد رہتے ہیں۔ تائی چی لائف اسٹائل کی بنیادی مہارت ’خود کو جانو‘ کے اصول پر قائم ہے ،شخصی حقیقت جانیں گے تو اندرونی اور بیرونی شعور میں اضافہ ہوگا۔ 

درونِ ذات کا سفر کریں، غور و فکر کا مراقبہ رہنما بنے گا۔ انتہائی ایمان داری سے اپنا محاسبہ کریں، پہلے اپنی فکر کریں پھر دوسروں کی فکر میں گھلیں، جسے اپنی فکر نہیں تو وہ دوسروں کی فکر کیا جانے گا۔

ننجا کا بین الاقوامی دن

ہر سال5دسمبر کو چینی و جاپانی مارشل آرٹ ننجا کا بین الاقوامی دن منایا جاتاہے، جس کی شروعات ننجا برگر نے کی تھی اوراسے اتنی مقبولیت ملی کہ دیکھتے ہی دیکھتے یہ دن لائف اسٹائل کے طور پر منایا جانے لگا کہ جسم و روح کی خیر چاہتے ہیں تو ننجا اسٹائل سے کام کریں۔ مغرب میں ننجا کو کافی مقبولیت حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس پر کتابیں لکھی جاچکی ہیں، ٹیلی ویژن پروگرام، فلمیں اور ویڈیو گیمزوغیرہ بنائے جاچکے ہیں۔

کھربوں خلیوں کا میل اور ننجا سپر پاور

ہم سب کھربوں خلیوں کے میل (Symphony) سے بنے ہیں، جو بے ساختہ خود کو منظم کرتے ہوئے فوری ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں، لہٰذا آپ کائنات میں سب سے زیادہ طاقتور اور پیچیدہ ’ٹیکنالوجی‘ ہیں۔ آپ اپنے وجود کی گفتگو اورسماعت سے جتنا واقف ہوں گے، اتنے ہی ذہین و فطین ہوں گے۔ 

ذرا تصور کیجیےکہ اگر آپ کی جبلت کھربوں خلیوں کی خوبصورت گونجتی ہوئی گفتگو سمجھ لیتی ہے تو یقین جانیے کائنات کی زبان آپ کے جذبات سے گفتگو کرے گی۔ آپ جان جائیں گے کہ آپ کو کیا کرنا ہے۔ تائی چی سے نشے کی سنگین علت پر بھی قابو پا سکتے ہیں کیوں کہ غورو فکر سے آپ اپنےجذبات کی زبان براہ راست اپنے جسم سے سن سکتے ہیں۔ 

مراقبہ اپنے احساسات کے ذریعےسچائی جاننے کے لئے حقیقت کو محسوس کرنے کی اجازت دیتا ہے، اس سے حسی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ آپ کے جذبات کا ایک ایک جزو دانشورانہ سوچ سے کہیں زیادہ معلومات کا حامل ہے۔ جب آپ زیادہ سے زیادہ غور کرتے ہیں تو ان چیزوں کو محسوس، دیکھ اور جان سکتے ہیں، جن کا ادراک دوسرےنہیں کر سکتے۔ اندرونی بیداری کے لیےتائی چی ایک متحرک مراقبہ، یوگا اور فٹنس کی ورزش ہے جو انتہائی حسی صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ پروان چڑھانے میں ممد و معاون ہوتی ہے۔

صحت مند زندگی توانا جسم و ذہن

صحت سے متعلق ہماری تمام توجہ ادویہ اور علاج معالجے پر ہوتی ہےلیکن ہم یہ نہیں سوچتے کہ توانائی بخش غذا اور صحت مند عادات کاانسان کی صحت سے کتنا گہرا تعلق ہے۔ ننجا اسٹائل اپنانے کے لیے غذا انتہائی ضروری ہے۔ننجا کھانے کی مقدار کا خاص خیال رکھتےہیں۔ بنیادی طور پر وہ مرچ مسالے سے پاک سادہ غذااستعمال کرتے اورمشرقی ادویات پر مبنی زندگی بسر کرتےہیں۔ 

مشرقی طب کے اصول کے مطابق کالے رنگ کے کھانے آدمی کے جسمانی درجہ حرارت کو بڑھاتے اور فعال کرتے ہیں، جیسے کالے تل، چینی کوئنس ، کالی سویا بین، بٹیر کے انڈے، چاول ، باجرا، شکرقندی، مولی، پائن ایپل وغیرہ ۔ دوسرا مرحلہ گہری نیند اور تیسرا مرحلہ نہار منہ مراقبہ ویوگا اور اٹھک بیٹھک ہے، جس سے پورا جسم متحرک ہوجاتا ہے۔ تازہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جب آپ جذباتی طور پر فکر مند رہتے ہیں تو جلد ہی جسمانی عارضے میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

ڈیجیٹل علت سے چھٹکار اپائیں

فون یا کمپیوٹر پرڈیجیٹل علت کے تدارک کے بارے میں سوچیں کہ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر اپنا وقت گپ شپ میں گزارنا چاہیے یا نہیں؟ اس سے کیافائدہ ہوگا؟ لوگوں کو دیکھنے یا شکایت کرنے سے کیا حاصل ہوگا؟ ان سوالات کے بطن سے نکلنے والے جوابات آپ کو اس طرف مائل کریں گے کہ کیوں نہ ہم خیال لوگوں سے سماجی تعلقات استوار کیے جائیں۔ 

اس طرح تائی چی آپ کو روبوٹ بننے کے بجائے اپنی ترجیح کے مطابق جینے میں اہم محرک ثابت ہوگا۔ ننجا ہونے کا مطلب معاشرے کے لیے انتہائی مفید فرد ثابت ہونا ہے، یہ توانائی کو جمع کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

تازہ ترین