• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا نے طویل عرصے بعد پاکستان میں سفیر نامزد کردیا


امریکا نے طویل عرصے بعد پاکستان میں بلآخر اپنا سفیر نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ صدر جوبائیڈن نے ڈونلڈ بلوم کو اسلام آبادمیں سفیر نامزد کردیا ہے۔

ڈونلڈ بلوم 2019 سے تیونس میں امریکا کے سفیر ہیں، انہیں طویل عرصے تک اس خطے میں سفارتکاری کرنے کا تجربہ ہے۔

ڈونلڈ بلوم اس سے پہلے کابل کے سفارتخانے میں بحیثیت قونصلر برائے سیاسی امور خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ لیبیا کے لیے بھی ناظم الامور رہ چکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی سفیر مقبوضہ بیت المقدس کے اسرائیلی قونصل خانے میں بھی قونصل جنرل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بغداد میں ملٹی نیشنل فورس انگیجمنٹ سیل کے سیاسی قونصلر تھے۔

ڈونلڈ بلوم نے مشی گن کی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور وہ روانی سے عربی بول سکتے ہیں، ان کی پاکستان تعیناتی کے لیے امریکی سینیٹ سے توثیق کا مرحلہ ابھی باقی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں طویل عرصے سے امریکا کا کوئی سفیر نہیں ہے۔ اس وقت انجیلا ایگلر بحیثیت ناظم الامور خدمات انجام دے رہی ہیں۔

تازہ ترین