• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیتابھ بچن نے بیٹی کو 13 سال بعد اپنے ناراض باپ سے ملوا دیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے اپنے پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں ایک بیٹی کو 13 سال بعد اپنے ناراض باپ سے ملوادیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کون بنے گا کروڑ پتی کے 13ویں سیزن میں پیر کے روز نشر ہونے والی قسط میں ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی خاتون بھاگیاشری نے بتایا کہ ان کے والد پسند کی شادی کرنے کے بعد سے ناراض ہیں۔بھاگیاشری کا کہنا تھا کہ شادی کو 13سال کا عرصہ ہوجانے کے بعد بھی والد نے ان سے رابطہ نہیں کیا، نا ہی ان سے ملاقات ہوئی جب کہ ان کے والد نے ان کی ننھی بیٹی کو بھی نہیں دیکھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پروگرام کے دوران اپنی زندگی کا احوال بتاتے ہوئے خاتون جذباتی ہوگئیں اور پھوٹ پھوٹ کر رودیں۔انہوں نے اپنے والد سے معافی بھی مانگی جس پر امیتابھ نے کہا کہ آپ کے والد فون کال پر ہیں اور آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں، یہ سن کر خاتون خوشی سے پھولے نہ سمائیں۔ بھاگیاشری نے کون بنے گا کروڑ پتی میں ساڑھے 12 لاکھ روپے کی رقم جیتی، انہوں نے 25لاکھ کے سوال کا جواب نہ دے پانے کی وجہ سے مقابلہ وہیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تازہ ترین