• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صلاح الدین سیریز کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ سال کیا جائے گا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور ترکی کے مشترکہ منصوبے صلاح الدین سیریز کی شوٹنگ کا آغاز اپریل 2022میں کر دیا جائے گا۔یہ بات فلمسازشہزاد نواز اور ترک پروڈیوسر ایمرے کونُک نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم کو پاکستان اور ترکی کے درمیان مشترکہ منصوبے صلاح الدین سیریز پر تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید، سید جنید علی شاہ اور ڈاکٹر کاشف بھی موجود تھے۔ملاقات کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر سیریز نوجوانوں کو اس تاریخی کردار پر آگہی فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ صلاح الدین ایوبی نے یروشلم کی تاریخی فتح کے بعد عام معافی کا اعلان کیا اور وہ ایک ایسا کردار ہے جس کی مغرب بھی مثالیں دیتا ہے۔انہوں نے روایتی موضوعات سےہٹ کرتاریخی کہانیوں پرڈرامے اور فلمیں بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اسلامی تاریخ پرآگہی دینے کے لیے جدید طریقوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔خیال رہے کہ اس ضمن میں پاکستان سے انصاری اینڈ شاہ فلمز اورترکی کے پروڈکشن ہاوس اکلی فلمزکے درمیان 20 اگست کوسربیا میں معاہدہ طے پایا تھا۔ترک پروڈیوسر ایمرے کونک نے اس موقع پر نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے لکھا اللہ سے دُعا ہے کہ اس انٹرنیشنل منصوبے کو دنیا کے باسیوں کے لیے امن ، محبت بقائے باہمی کی امید بنائے۔معاہدے کے وقت پاکستان سے اداکارعدنان صدیقی بھی موجود تھے جن کا کہنا تھا کہ ہم نے ترکی کے ساتھ مزید مضبوط تعلقات کے لیے اپنا عزم آگے بڑھاتے ہوئے دوستی کے نئے باب کا آغازکیا ہے، یہ پراجیکٹ ہماری انڈسٹریز اورناظرین کی کامیابی ہے جو مستقبل میں اچھےمواد کے منتظر ہیں۔

تازہ ترین