• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرخارجہ،  ڈی جی ISI کا دورہ کابل، عبوری سربراہ ملا اخوند سے ملاقات

کابل(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی انٹرسروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور دیگر حکام کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے جہاں انہوں نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند سے تفصیلی ملاقات کی۔

اس موقع پردو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور ،تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں تعاون بڑھانے اور افغان عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملا حسن اخوند نے انسانی امداد کی بروقت فراہمی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کا خواہاں اور انسانی بنیادوں پر افغان بھائیوں کی مدد کیلئے پر عزم ہے۔

پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کا متمنی ہے‘پاکستان، افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کیلئےاپنا تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو کابل میں افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا حسن اخوندسے ملاقات میں کہی۔

افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمدصادق ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود ، افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان، اعلیٰ عسکری قیادت و پاکستانی وفد کے دیگر اراکین بھی اس ملاقات میں شریک تھے ۔ ملا حسن اخوند نےشاہ محمود قریشی اور پاکستانی وفد کو کابل آمد پر خوش آمدید کہا ۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میڈیا کو جاری کئے گئے ویڈیومیں شاہ محمودقریشی کا کہناتھاکہ طالبان قیادت کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی ہے جس میں افغانستان کے عبوری وزیراعظم اور پوری کابینہ نے شرکت کی ۔ 

ویڈیو میں افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر حسن متقی نے کہاکہ پاکستانی حکام کے ساتھ تعمیری مذاکرات ہوئے ہیں جس میں تجارت اور سرحدیں دوبارہ کھولنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ 

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام تجارتی مسائل جلد حل کرلئے جائیں گے اور پاک افغان بارڈرز کھل جائیں گے ۔ بعد ازاں افغانستان کی عبوری حکومت کے نائب وزیر اعظم مولوی عبدالسلام حنفی کی جانب سے جمعرات کوشاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کے اعزاز میں کابل میں ظہرانہ دیا گیا۔

قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ افغانستان کے ایک روزہ دورے پر جمعرات کو کابل پہنچے ،کابل ایئر پورٹ پر افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی ، افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور افغانستان کی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا ۔دریں اثناءشاہ محمود قریشی کابل کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔

تازہ ترین