راولپنڈی،لاہور(اپنے رپورٹرسے، نمائندہ جنگ)راولپنڈی میں گزشتہ 24گھنٹوں میں ڈینگی کے 56 جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 371مریض رپورٹ ہوئے ہیں،رواں برس یکم جنوری سے اکیس اکتوبر تک ضلع راولپنڈی میں 1869کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس میں سے1791ڈسچارج ہوچکے ہیں،اس وقت تینوں سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کیلئے مختص بستروں کی تعداد274ہے جن پر159مریض موجود ہیں جن میں سے آٹھ کی حالت تشویشناک ہے۔ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی تعداد 8,331 ہو چکی ہے جبکہ 24 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں،گزشتہ روز ڈینگی سے مرنےوالے 3 افراد کا تعلق لاہور سے ہے،صوبہ کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 2,079 مریض داخل ہیں،ترجمان کے مطابق ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے لاہورکے ٹیچنگ ہسپتالوں میں بستروں کی تعدادمیں اضافہ کیا گیاہے۔