• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توانائی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ یورپین کونسل اجلاس کا اہم ایجنڈا ہوگا

برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپ میں توانائی کی آسمان پر جاتی قیمتوں کا مسئلہ 21 اور 22 اکتوبر کو یورپین کونسل کے اجلاس میں اہم ایجنڈا ہوگا ۔ یورپین کمشنر برائے توانائی کادری سمسن اس حوالے سے اپنی رپورٹ اور ممبر ریاستوں کو اس سے نمٹنے کے طریقوں پر مشتمل ʼ ٹول بکس ʼ تجویز کریں گے۔ جبکہ 26 اکتوبر کو یورپین انرجی منسٹرز کے اجلاس میں بھی یہی اہم موضوع ہوگا۔ یاد رہے کہ یورپ بھی ساری دنیا کی طرح اس وقت توانائی کی قیمتوں میں ریکارڈ توڑ اضافے سے لڑ رہا ہے۔ کیونکہ یورپ میں یہی وقت وبائی مرض کوویڈ-19 کے بعد معاشی بحالی کا بھی ہے۔ لیکن توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اس بحران کے باعث لوگوں کی گھریلو آمدنی پر شدید دبائو پڑ رہا ہے۔ اس وقت یورپ میں گیس کی قیمتوں میں اس سال جنوری سے لیکر ستمبر تک 360 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بجلی کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ اس صورتحال میں یورپین کمیشن ایسے اقدامات تجویز کر رہا ہے جس کے ذریعے توانائی کمپنیوں پر بھی بوجھ نہ پڑے اور صارفین کی مدد بھی ممکن ہو سکے۔
تازہ ترین