اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سابقہ اور موجودہ حکومتوں میں کوئی فرق نہیں۔ قوم ایک ظالم کے خلاف دوسرے ظالم کا ساتھ نہ دے، قوم متحد ہو کر نفاذاسلام کیلئےجدوجہد کرے ناانصافی پر خاموش رہنا بھی ناانصافی کا ساتھ دینے کے مترادف ہے، سودی معیشت، مخلوط نظام تعلیم، امن و سکون سے خالی معاشرہ اور دیگر امراض دین سے دوری کی علامت ہیں، اس حکومت نے کشمیر کا سودا کیا۔ غیر ترقیاتی اخراجات بڑھائے۔ وی آئی پی کلچر میں اضافہ ہوا۔ قوم سے اپیل ہے کہ وہ خاموشی کے بجائے ناانصافی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جائے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا قوم کو متحد ہو کر ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنی ہو گی۔ اللّٰہ کے نزدیک صرف ایک ہی نظام ہے اور وہ نظام اسلام ہے، امیر جماعت نے کہا کہ ملک کے مسائل کی بڑی وجہ یہ ہے کہ یہاں مغرب کا نظام نافذ ہے۔ تینوں بڑی پارٹیاں جو ملک پر مسلط ہیں، ان کی سیاست کا مقصد اپنے مفادات کا تحفظ ہے،ظلم اور ناانصافی، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف اور ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے 31اکتوبر کو اسلام آباد میں بھرپور مظاہرہ کریں گے۔